جنیوا (نیٹ نیوز)کورونا وائرس کے معاملے پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ اور امریکی صدر آمنے سامنے آگئے جس پر ڈاکٹر ٹیڈروس نے ٹرمپ کو کرارا جواب دیا ہے ۔امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت پر شدید تنقید کی تھی اور ادارے کے فنڈز میں کٹوتی کا عندیہ دیا تھا جس پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھانم گیبریوس نے اپنے رد عمل میں ادارے کے مؤقف کا دفاع کیا۔جنیوا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا وائرس کو سیاست زدہ نہ کریں، یہ آپ کے قومی سطح کے اختلافات سے استفادہ کرتا ہے ، اگر آپ استفادہ چاہتے ہیں اور اگر آپ کے پاس مزید لاشیں رکھنے کے لیے بیگ ہیں تو سیاست کریں، اگر آپ مزید لاشیں نہیں دیکھنا چاہتے تو وائرس کو سیاست زدہ کرنے سے باز رہیں، میرا ایک مختصر پیغام ہے کہ برائے کرم کووڈ سیاست کو قرنطینہ کردیں، آپ کا قومی اتحاد اس خطرناک وائرس کو شکست دینے کے لیے بہت اہم ہوگا، ہم نے کہا کہ ہم جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں ۔