لاہور،کراچی،اسلام آباد(اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) احتساب عدالت کراچی نے شہری حکومت میں کرپشن کیس میں سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو تین روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج چودھری امیر محمد خان نے شہبازشریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیلئے منی لانڈرنگ کرنے والے ملزم شعیب قمر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت لاہور نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کرپشن کے کیس میں سابق ڈی جی سپورٹس ملزم عثمان انور کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی اورآئندہ سماعت تین اکتوبر کو نیب تفتیشی افسر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں غیر قانونی ٹھیکہ دینے سے متعلق کیس میں چار ملزمان راناعارف، محمد رضوان اور خالد مجید ودیگر کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزتوسیع کر دی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں عبدالغنی مجید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 اکتوبر تک توسیع کر دی ، عدالت نے جیل حکام کو عبدالغنی مجید کی میڈیکل رپورٹ آج پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی ۔