کراچی(کلچرل رپورٹر) کراچی میں لالی ووڈ کی نئی فلم ’’سپر سٹار‘‘ کے ٹریلر لانچنگ تقریب میں شوبز کے ستارے امڈ آئے ۔ ماہرہ خان، بلال اشرف، بشری انصاری، ندیم بیگ، ہمایو سعید، ہانیہ عامر، حریم فاروق، شہروز سبزواری، شہزاد شیخ و دیگر فنکاروں کی شرکت۔تفصیلات کے مطابق مومنہ درید فلمز اور ہم فلمز کی جانب سے ماہرہ خان اور بلال اشرف کی آنے والی نئی فلم ’’سپر سٹار‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ ٹریلر کی ریلیز سے قبل ہی اس فلم کے گانے اور پوسٹرز نے ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرلیاتھااور سوشل میڈیا پر اس فلم کی دھوم مچ گئی تھی جس کی وجہ سے اس کے ٹریلر کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا تھا۔ٹریلر لانچ کی تقریب میں فلم میں شامل فنکاروں کے علاوہ انڈسٹری کی نامور شخصیات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ریڈ کارپٹ کے بعد شرکاء کی تالیوں کی گونج میں ٹریلر کا اجراء کیا گیا اور شرکاء کی پرزور فرمائش پر اسے مکرر پیش کیا گیا۔