بیروت(صباح نیوز،نیٹ نیوز) لبنان میں وزرا کی تنخواہوں میں کمی کے باوجود احتجاج جاری ہے جبکہ وزیراعظم معاشی اصلاحات پر تیارہوگئے ہیں،ٹیلی مواصلات کی نجکاری،شعبہ توانائی کو فعال بنانا، ڈونر ممالک سے 11 ارب ڈالر کی امداد کا مطالبہ بھی اقتصادی اصلاحات کا حصہ ہے ۔ بیروت میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر موجود ہیں،احتجاج میلے کی شکل اختیار کر گیا،رقص ،آتشبازی ہوتی رہی،کھانے پینے کے سٹال بھی لگ گئے ، ہڑتال کی وجہ سے تمام بینک، سکول اور جامعات بند رہیں، عدلیہ اور سرکاری افسران کی تنخواہیں برقرار ہیں جبکہ افواج کی پنشن کی کٹوتیاں ختم کردی گئی ہیں۔لبنان میں عوامی احتجاج کے بعد وزیراعظم سعدا لحریری معاشی اصلاحات پر راضی ہو گئے ، چند حکومتی وزرا نے استعفے بھی دیئے ابھی بھی ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر موجود ہیں۔وزیراعظم سعد الحریری نے حکومتی اتحادیوں کے ساتھ معاشی بحران کو کم کرنے کے لئے اصلاحات کے ایک پیکیج پر اتفاق کیا ہے ، 4 حکومتی اراکین کے استعفیٰ کے باوجود مظاہرے جاری ہیں،وزیر اعظم کے اصلاحاتی پیکج کی منظوری کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں متوقع ہے ۔