لاہور(سٹاف رپورٹر)لیسکو حکام صرف دفاتر تک محدود ہوکر رہ گئے ،شہر کے علاقوں میں 15گھنٹے بجلی غائب رہی،ایکسین اور ایس ڈی اوز صارفین کی پہنچ سے دور ہوگئے ۔ گرمی اور حبس ہونے کے باعث بزرگ نڈھال اور بچے اور خواتین پریشانی کا شکار رہے اور نفسیاتی دبائو میں مبتلا رہے ، کئی علاقوں میں صارفین نے رات جاگ کر گزاری اور لیسکو حکام کو بددعائیں دیتے رہے ۔شاہدرہ کے علاقے مصطفے آباد مقبرہ موڑ ،بیدیاں روڈ،ائیرپورٹ،امین پارک مالی پورہ سمیت متعدد علاقوں میں رات گئے تک بجلی غائب رہی ، صارفین متعلقہ ڈویژن کے ایکسین او ر ایس ڈی اوز کو فون کرتے رہے مگر کسی نے فون سننا گوارہ نہیں کیا، ماہرین کے مطابق بنیادی وجہ ذمہ داران کو سزا دینے کا کمزور نظام ہے ، اسی وجہ سے حکام حرکت میں نہیں آتے ،انہیں معلوم ہوتا ہے شکایت کا ازالہ نہ بھی کریں تو عہدوں پر تعینات رہیں گے ، کئی علاقوں میں پانی نایاب رہا ، لوگوں کو کام پر جانے اور عبادات کے لئے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، ذرائع کا کہنا ہے اگر لیسکو حکام کی حکمت عملی بہتر ہوتی اتنی دیر تک بجلی غائب نہ رہتی۔