لاہور،ملتان،بہاولپور،اسلام آباد،راولپنڈی (نامہ نگار خصوصی،نیوز رپورٹر،نامہ نگار،نمائندگان 92نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ نے کلین سویپ کردیا۔ حفیظ الرحمان چودھری صدر جبکہ فیاض احمد رانجھا سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔صدر حفیظ الرحمان چودھری نے 3871،سیکرٹری فیاض احمد رانجھا نے 4659 ، نومنتخب نائب صدر کبیر احمد چودھری2304 جبکہ فنانس سیکرٹری عنصر جمیل گوجر نے 5370 ووٹ لئے ۔مخالف گروپوں کے صدر کے عہدے کے امیدوار خادم حسین قیصر نے 2391، ساجد بشیر شیخ نے 1225، نائب صدر کے امیدوار بیرسٹر چودھری سعید حسین ناگرہ نے 1915، رانا ارشاد منج 722، سردار نجیب اکبر خان 406، شائستہ قیصر 1381اور وسیم احمد بٹ 736 ووٹ لے سکے ۔ سیکرٹری کی نشست پر طاہر فاروق نے 1241،چودھری سہیل احمد گجر 1525 ،فنانس سیکرٹری کی نشست پر مصباح گورائیہ 2081 ووٹ لے سکیں۔اس موقع پر نومنتخب صدر حفیظ الرحمان چودھری نے کہا میری کامیابی عاصمہ جہانگیر گروپ کے اصولوں کی فتح ہے ۔ آئین اور قانون کی حکمرانی اور وکلاء کی فلاح وبہبود کے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ نومنتخب نائب صدر کبیر چودھری نے وکلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہامیں ان کے اعتماد پر پورا اترونگا۔ جیت کی خوشی میں حامی وکلاء نے ایک دوسرے کو پھولوں کے ہار پہنائے ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نعرے بازی کی۔ پولنگ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ملتان ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں انصاف لائرز فورم او ر پیپلز لائرز فورم کے متفقہ امیدوار ملک حیدر عثمان صدر اور میاں ارشد وقاص چھجڑا جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ، ملک حیدر عثمان نے 1766ووٹ لئے ۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر میاں ارشد وقاص چھجڑا ، نائب صدرپر ساجد ایزدی سنپال، فنانس سیکرٹری کے عہدے پر میاں حق نواز کنہوں کامیاب ہوئے ۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے انتخابات میں ندیم اقبال چودھری 1399ووٹ لے کر صدر ،ا یاز کلیار 1511ووٹ لیکر جنرل سیکرٹری منتخب ہو ئے ۔اسلام آبادہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں راجہ انعام امین منہاس صدر، امتیازانورچیمہ نائب صدر،عمیربلو چ جنرل سیکرٹری،وقاراحمدگوندل جوائنٹ سیکرٹری بن گئے ۔راولپنڈی ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے انتخابات میں ملک غلام مصطفی ٰکدوال صدر ،محمدفیصل سیکرٹری جنرل،حسنین علی شاہ کاظمی سینئر نائب صدر، راجہ منیرنائب صدر،فیصل ملک سیکرٹری جنرل،فرزانہ عزیزجوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔