لاہور ایک بار پھر بڑی تباہی سے بچ گیا، چوبرجی کے قریب رکشہ میں دھماکہ سے 10افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ڈرائیور سمیت 2افراد کو گرفتار کر لیا۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے پناہ قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کے ناسور پر قابو پایا جا چکا ہے۔ جس کے باعث ملک بھر میں امن و امان کی فضا قائم ہے اور عوام بلا خوف و خطر معاملات زندگی سرانجام دے رہے ہیں۔ امن و امان کی یہ فضا ملک دشمن عناصر کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی جس کے باعث گزشتہ روز ایک بارپھر امن دشمنوں نے وار کیا ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کی یہ سازش ناکام بنا دی۔ جمعۃ المبارک کا روز تھا، جس بنا پر مساجد میں رش تھا لیکن پولیس کے سخت انتظامات کے باعث تخریب کار کارروائی میں کامیاب نہیں ہو سکے اورمواد راستے میں ہی پھٹ گیا۔ گو پولیس نے رکشہ ڈرائیور سمیت 2افراد کو گرفتار کر لیا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ تخریب کاروں کی تہہ تک پہنچ کر امن دشمنوں کے سرپرستوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ رکشے پر کس جگہ سے یہ مواد لوڈ ہوا اور پورے راستے میں مشکوک رکشے کو کسی نے روکا ہی نہیں۔ یہ بھی ایک سوالیہ نشان ہے ۔اس وقت پورے لاہور میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوٹیج کی مدد سے اصل مجرموں کا سراغ لگائیں تا کہ تخریب کاروں کی جڑ کاٹ کر ملک میں امن و امان کی فضا کو بحال رکھا جائے۔