لاہور، کوئٹہ (اپنے رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر ) لاہور میں گزشتہ روز بارش اور تیز ہواچلنے کے باعث گرمی کی شدت مزید کم ہو گئی، روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ، شہر میں زیا دہ سے زیا دہ درجہ حرارت 28ڈگری ریکارڈ کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے مارکیٹوں اور رمضان بازاروں میں خریداری کو ترجیح دی، مزید برآں تیز ہواؤں کے چلنے سے رمضان بازار وں کے انتظامات متاثر ہو ئے ، متعدد بازاروں کے شامیانے اکھڑ نے سے خریداری اور سٹال ہولڈرز کو مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا، راولپنڈی،فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان،ساہیوال، بہاولپور، مالاکنڈ، ہزارہ، مکران،کوئٹہ، قلات،ڑوب،سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظرآباد، حیدر آباد ڈویژنز،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہوئی، زیا دہ سے زیا دہ درجہ حرارت میر پورخاص 42، مٹھی، حیدرآباد اور ٹنڈوجام میں40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، قلات، مکران ڈویژنز، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے نوجوان کی لاش برآمد، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کوئٹہ کراچی، ہرنائی پنجاب شاہراہ بند کردی گئی جب کہ پھلوں کے باغات اور فصلیں شدید متاثر ہوگئیں۔