لاہور، اسلام آباد، کراچی ، پشاور، محمد نگر ، شیخوپورہ، ہارون آباد ( سٹاف رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نامہ نگاران ، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری شروع ہوگئی جس سے سردی بڑھ گئی، آزاد کشمیر اور خیبر پی کے اور مری میں برفباری سے ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، لوگوں نے شدید سردی سے بچنے کیلئے کپڑے نکال لئے ، گرم کپڑوں اور جوتوں کیلئے لوگوں نے لنڈے بازاروں کا رخ کرلیا، بارش سے موسم خوشگوار بھی ہوگیا اور سردیوں کے روایتی کھانوں کی مانگ بڑھ گئی، سیزن کی پہلی برفباری کے بعد سیاحوں نے مری کا رخ کرلیا ، رش کے باعث ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی، لاہور میں پیر کے روز کئی مقامات پر ہلکی بارش اور رم جھم کا سلسلہ جاری رہا، بارش کے باعث ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا، لیسکو کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے ، لاہور میں 39 فیڈر ٹرپ ہوئے ، کئی ٹرانسفارمرز جل گئے ، بارش کے باعث بحالی کے کام میں تاخیر ہوئی ۔آئندہ بارش کے امکان کے باعث سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے بھی تمام ائر لائنز کو وارننگ جاری کر دی ، چھوٹے طیاروں کو لینڈنگ اور ٹیک آف سے روک دیا ، ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والی پروازوں کے پائلٹس کنٹرول ٹاور سے معلومات اور کلئیرنس کے بعد لینڈنگ کریں ۔گوجرانوالہ، ساہیوال ، پاکپتن ، شیخوپورہ اور ہارون آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی اور موسم سرد ہوگیا، موسم سرماکی پہلی بارش سے گلیوں اور بازارو ں میں پانی جمع ہوگیا، مختلف شہروں میں مچھلی اور خشک میوہ جات کے قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں، مری میں ہلکی برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا، ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے سیاح صرف پٹرول پر چلنے والی گاڑی پر ہی مری آئیں اور گاڑی میں ٹو چین بھی ساتھ رکھیں ، سڑک پر گاڑی کھڑی کرکے سیلفیاں نہ بنائیں، گلیات میں 5 انچ تک برف پڑی۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کشمیر کے شمالی وسطی اور جنوبی اضلاع میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے ، وادی گریز، بالائی وادی نیلم، وادی جاگراں، وادی سرگن، سدھن گلی، خورشید آباد، راولا کوٹ اور پونچھ کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ کالام میں برفباری کے باعث وادی نے سفید چادر اوڑھ لی اور وہاں 6 انچ تک برفباری ہوئی، سکردو کا درجہ حرارت منفی 8 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، استور میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی اور اس کا دوسرے علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ، کراچی میں اتوار اور پیر کی شب ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، لانڈھی میں سب سے زیادہ بارش 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 18.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، خیبر پی کے میں بھی سردی بڑھ گئی، دیر بالا اور چترال میں بارش اور بعض علاقوں میں برفباری ہوئی، صوابی اور نوشہر ہ میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی، پشاور میں بار ش کے بعد جگہ جگہ پانی کے جوہڑ بن گئے ، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا، اسلام آباد کے علاقے سید پور میں 35، گولڑہ میں 29 ، خیبر پی کے میں سیدو شریف اور دیر بالا میں 26، بالا کوٹ میں 23، مالم جبہ 21، کالام 20، پشاور سٹی 18،کوہاٹ او ر ڈی آئی خان 3، چترل 2 ، پنجاب میں پنڈی چکلالہ میں 37، جوہر آباد 19، چکوال اور بھکر میں 11، جھنگ 9، مری اور لیہ 8، سرگودھا 7، ڈی جی خان 4، سیالکوٹ ائرپورٹ ، حافظ آباد، ٹوبہ 3، خانیوال، گوجرانوالہ، گجرات 2، فیصل آباد، نارووال میں ایک، کشمیر میں راولا کوٹ میں 39، مظفر آباد 23، کوٹلی میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کو بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ، دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بعض مقامات پر شدید دھند اور بعض مقامات پر ہلکی دھند کا امکان ہے ۔