لاہور، اسلام آباد، کراچی ، حافظ آباد،کھڈیاں خاص،فقیر والی، فیصل آباد ،چارسدہ (سٹاف رپورٹر، نمائندگان ، مانیٹر نگ ڈیسک ،اے پی پی) لاہور سمیت کئی شہروں میں انتخابی جھگڑوں میں متعدد کارکن زخمی ہو گئے ۔ حافظ آباد میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم کے نتیجے میں 10 کارکن زخمی ہوگئے ۔چوک فاروق اعظم میں تحریک انصاف کی کارنر میٹنگ جاری تھی کہ ن لیگ کے کارکن گاڑیوں پر وہاں سے گزر رہے تھے ، دونوں گروپوں میں شدید نعرے بازی کے بعد بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ لاتوں گھونسوں کے بعد کارکنوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں بھی برسائیں۔پی ٹی آئی کارکنوں نے پی پی 70سے لیگی امیدوار ڈاکٹر مظفر کے مرکزی دفتر اور ہسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ پولیس نے 240سے زائد ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ لاہور کے علاقے شاہدرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے میں کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا ۔ کارکنوں نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کا استعمال کیا۔شاہدرہ میں تحریک لبیک اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے درمیان فلیکس لگانے پر جھگڑا ہو گیا،ڈنڈوں ،سوٹوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس سے 4افراد کے سرپھٹ گئے ۔تحریک لبیک کے کارکنان نے چوک بیگم کوٹ سے ٹریفک بلاک کردی۔کھڈیاں خاص میں(ن)لیگی امیدوارصوبائی اسمبلی اور سابق ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمدخاں کے قافلے پرمخالفین نے فائرنگ کر دی ۔ ملک محمد احمدخاں گذشتہ روز ویرم ہٹھاڑمیں مہراشفاق کے ڈیرہ پرجارہے تھے کہ ڈیرہ امین ڈوگرکے قریب اسلم ،امین وغیرہ نے فائرنگ کردی جس سے گاؤں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ فیصل آباد کے حلقہ این اے 107کمال آباد میں پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر فائرنگ کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔فقیر والی کے نواحی گائوں 132سکس آر میں مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ضیاء ) کے کارکنوں میں فلیکس لگانے پرڈنڈے سوٹے چل گئے جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔اسلام آباد کے سیکٹر جی 10 میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار میاں اسلم کے انتخابی کیمپ پر ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی سے منع کرنے کیلئے جانے والے پولیس اہلکاروں کو کارکنان نے گھیر لیا،پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنا پڑی تاہم فائرنگ کرنے والے اہلکار کو معطل کر دیا گیا ۔واقعے کے بعد جماعت اسلامی کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور جی ٹین روڈ کو بند کر دیا۔ایبٹ آباد میں این اے 16میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار مہابت خان کی کارنر میٹنگ میں فائرنگ کی گئی ۔ پولیس کے مطابق لیگی امیدوار مہابت خان محفوظ رہے ۔ کراچی کے علاقے ملیر میں پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملہ کر کے نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کی اور دفتر کو آگ لگا دی۔پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر انتخابی دفتر پر حملے کی تفصیلات سے آگا ہ کردیا۔چارسدہ پولیس نے الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اسلحہ کی نمائش پر208 افراد کوگرفتارکرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے شارٹ گن، رائفل، 2ایس ایم جی، 3بندوق،197پستول اور3537کارتوس برآمد کرلئے گئے ۔