مکرمی!پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسزPakistan Council of Research in Water Resources اور ورلڈ وایڈ فنڈ پاکستانWorld Wide Fund Pakistan کی شائع شدہ رپورٹ کے مطابق لاہو ر شہر میں زیر زمین پانی کی سطح ہر سال 0.9 میٹر نیچے جا رہی ہے۔شہر میں جو زیر زمین پانی50فٹ پر میسر تھا۔ اس وقت 130 فٹ یعنی 40میٹر پر دستیاب ہے، لیکن اگر فوری اور موثر اقدامات نہ کئے گئے تو 2025ء تک پانی 230فٹ یعنی 70 میٹر پر میسر ہو گا۔ رپورٹ میں اس بات کا عندیہ بھی دیا گیا ہے کے اگراس ضمن میں بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو خدا نخواستہ 2040 ء تک لاہور شہر میں زیر زمین پانی بالکل ختم ہو سکتا ہے جوکہ نہایت خوفناک صورت حال ہو سکتی ہے۔ حکومت کی جانب سے استعمال کے دوران پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے کچھ قوانین بنائے گئے اور مختلف سطح پر اس کیلئے اقدامات بھی اٹھائے گئے لیکن اس پر تندہی سے توجہ نہیں دی گئی اور حالات جوں کے توں رہے اور معاملات پہلے کی طرح ہی چلنے لگے۔ہماری اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ پانی کے اس ممکنہ بحران سے نمٹنے کیلئے شہر لاہور میں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے اور پانی کے نئے ذخائر بنانے کے لیئے حکومت پنجاب، شہری حکومت اور لاہور کے باسیوں کو اپنی دیرینہ ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اجتمائی و انفرادی سطح پر نہایت سنجیدہ کوششیں درکار ہیں تاکہ اس تاریخی اور بے مثال شہر کو جو صدیوں سے شاد و آباد ہے بنجر ہونے سے بچایا جا سکے۔ (محمد عرفان ملک لاہور)