لاہور( نامہ نگار) لاہور میں ائر پورٹ کے اطراف آبادیوں سے طیاروں کو لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا، پائلٹس کی جانب سے بارہا کی شکایات کے باوجود لینڈنگ کے دوران لیزر لائٹس مارنے والوں کے خلاف کاروائی نہیں کی جا سکی۔ ذرائع کے مطابق علامہ اقبال ائر پورٹ کے نزدیکی رہائشی آبادیوں سے طیاروں کی لینڈنگ کے دوران لیزر لائٹس مارنے کے واقعات رونما ہورہے ہیں، ایئرپورٹ کے اطراف میں ہر ماہ ایسے کئی واقعات ہو رہے ہیں، بیدیاں روڈ ، نشاط کالونی سمیت دیگر علاقوں میں لیزر لائٹس مارنے کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ان علاقوں سے جہاز لینڈنگ کے دوران انتہائی کم سطح پر پہنچ جاتا ہے ، یہ واقعات طیارے کے لئے خطرناک اور حادثے کا باعث بن سکتے تھے ، ایوی ایش قوانین کے مطابق طیارے پر لیزر مارنا یا پرواز میں کسی قسم کا خلل ڈالنا سنگین جرم ہے ۔