مکرمی! زمانہ طالبعلمی میں ڈاکٹر محمد شفیق ایس پی ٹریفک ہوا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر حکومت اور ٹریفک انجینئرنگ اور ترقیاتی ادارے ایل ڈی اے نے جامع منصوبہ بندی نہ کی تو سڑک پر صرف اسی کو ہی راستہ ملے گا جو طاقتور ہو گا۔آج واقعی طاقتور کے لیے الگ راستہ بنتا ہے۔ فیروز پور روڑ ،جیل روڑ کو جب سے سگنل فری کیا گیاہے اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اورنج لائن ٹرین روٹ پر اس کی سڑکوں کو سگنل فری کیا جائے تو اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ٹھوکر نیاز بیگ سے چوبرجی آتے ہوئے ملتان روڑ پر اعوان ٹائون ،بجلی گھر سٹاپ، اسی طرح سبزہ زار لیاقت چوک جانے والا راستہ اور سکیم موڑ سے سبزہ زار جانے والا راستہ اور موڑ سمن آباد کے بعد ایکسپریس وئے جو کہ فیروز پور روڑ کو لنک کرتی ہے۔ ان چوکوں پر شہریوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے وہ ٹریفک جام ہوتی ہے۔ سی ٹی او سے استدعا ہے کہ یہاں رات کے وقت وارڈنز ضرور تعینات کریں تاکہ ٹریفک کا بہاو چلتا رہے۔ملتان روڈ پر اعوان ٹائون پوائنٹ عوام کے لیے درد سر بنا ہوا ہے۔اس وقت لوئر مال روڈپر سنٹرل ماڈل ہائی سکول سے داتا دربار چوک اور نیازی چوک پر لوگوں کا سڑک کے دونوں اطراف گزرنے سے ٹریفک کے بہائو میں بہت ہی مشکلات ہیں۔ اس کا حل بھی یہی ہے کہ سنٹرل ماڈل ہائی سکول سے داتا دربار چوک تک سڑک کے درمیان لوہے کا آہنی جنگلہ لگایا جائے اور پبلک کے گزرنے کے لیے اوورہیڈ برج بنائے جائیں۔(چودھری فرحان شوکت ہنجرا)