لاہور،راولپنڈی،پشاور(نیو زرپورٹر،رپورٹنگ ٹیم) الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشنوں پر موبائل فون لے کر جانے کی پابندی صرف کاغذوں تک محدود رہی،لاہور کے کئی پولنگ سٹیشنوں پر ووٹرز اپنے موبائل فونز سے ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے کی سیلفیاں بناکر امیدواروں کو وٹس اپ کرتے رہے جبکہ پولیس اور پولنگ عملہ خاموش تماشا ئی بنی رہا۔پشاور اور چارسدہ میں بھی پابندی کے باوجود ووٹرز پولنگ سٹیشنوں پر موبائل فون استعمال کرتے رہے اور موبائل سے ووٹ کی تصاویر بھی لیں جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئیں،حلقہ این اے 28میں ووٹر نے ووٹ ڈالنے کی تصویر موبائل سے لیکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، ووٹر نے پی ٹی آئی کے عامرایوب کو ووٹ ڈالا۔ راولپنڈی کے بعض علاقوں میں پولنگ سٹیشنز کا عملہ موبائل پاس نہ ہونے کی شکایت کرتا نظر آیا۔ دو دو تین کی ٹولی میں آئے ووٹرز نے موبائل ایک دوسرے کے حوالے کر کے ووٹ کاسٹ کر لئے تاہم اکیلے آئے ووٹرزکی بڑی تعداد بغیر ووٹ کاسٹ کئے واپس لوٹ گئی۔ اسلام آباد کے بعض پولنگ سٹیشنوں پروی آئی پی افراد کا سٹاف موبائل فون سے تصاویر بناتا رہا ، بعض پر سوشل میڈیا کارکن متحرک رہے ، بعض جگہوں پر شہری سیلفیاں بناتے نظر آئے ۔