لاہور (پ ر) ترجمان لاہور پولیس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس مسلسل منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے ، رواں سال اب تک لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 1160 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف شہر کے مختلف پولیس سٹیشنز میں1157مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سٹی ڈویژن نے 214، کینٹ 261 ، سول لائنز 127، صدر 267 ، اقبال ٹاؤن 95 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے 196 ملزموں کو گرفتار کیا۔ ملزموں کے قبضے سے 388 کلوگرام سے زائد چرس، 64 کلو 555 گرام ہیروئن، 191گرام آئس، 16 کلوگرام سے زائد افیون اور 12ہزار 204 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق منشیات کی فروخت کے حوالے سے قانونی دفعات میں یہ تفریق نہیں کہ کسی کیس کو قابل ضمانت رکھا جائے اور کسی کو نا قابل ضمانت بنا دیا جائے ۔