لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک ہی روز چار سہولیاتی مراکز کا افتتاح کردیا گیا جس کے بعد یہ ملک کا پہلا چیمبر بن گیا ہے جس نے اپنے ممبران کے لیے کئی سرکاری محکموں کے مراکز پر مشتمل ون ونڈو آپریشن متعارف کروادیا ہے ۔ وفاقی سیکریٹری کامرس سردار احمد نواز سکھیرا، لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے شکایات کے ازالہ، ایکسپورٹ بڑھانے ، افریقہ اور آئی پی او کے سہولیاتی مراکز کا افتتاح کیا۔ سابق صدر محمد علی میاں، چیئرمین آئی پی او مجیب احمد خان، ڈائریکٹر جنرل عرفان تارڑ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین ملک محمد خالد، واصف یوسف، حاجی آصف سحر، یاسر خورشید، ذیشان سہیل ملک، عاقب آصف و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفاقی سیکریٹری کامرس سردار احمد نواز سکھیرا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کی ممبران کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کامرس سیکریٹری سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے پُرعزم ہے ۔