لاہور(خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر نے سری لنکن ہائی کمیشن کے تعاون سے کیٹلاگ شو منعقد کیا جس کا مقصد باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور تجارت و سرمایہ کاری کے چھپے ہوئے مواقع کو نمایاں کرنا تھا۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نور الدین محمد شاہد، لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر، سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل جی ایل گنانتھیوا، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ریاض احمد، امجد علی جاوا، میاں زاہد جاوید، عاقب آصف اور رحمت اﷲ جاوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سری لنکا کی بے پناہ مدد کی ہے جس کے لیے سری لنکن قوم پاکستانی کی مشکور ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان نے آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اس پر نظر ثانی کرکے وہ رکاوٹیں دور کی جائیں جو باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں آڑے ہیں۔ سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل جی ایل گنانتھیوانے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن دی۔