لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنیوالے سٹور کو سربمہر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت6 مارچ تک ملتوی کر دی ،عدالت نے احکامات پر عمل نہ کرنے والے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے خلاف کاروائی کا حکم دیدیا۔ ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ڈیپارٹمنٹل سٹورز مالکان نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا، عدالتی حکم کے باوجود پلاسٹگ بیگز کا استعمال جاری ہے ۔پنجاب حکومت کے وکیل نے بھی ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی جانب سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا جس پر جسٹس شاہد کریم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا جو سٹور پلاسٹک بیگز استعمال کر رہے ہیں انکو سیل کر دیں،اگر انکو خود خیال نہیں تو انہیں کاروبار سے نکال دیا جائے ، ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو عدالتی حکم پر عملدرآمدکیلئے 7 روز تک کا وقت دیں،عدالت نے پلاسٹک بوتلوں میں پانی فروخت کرنیوالی کمپنیوں کو بھی نوٹسز جاری کردیئے اور کہاساری دنیا میں پلاسٹک بوتلوں میں پانی بیچنا ترک کیا جاچکا ہے ،پلاسٹک بوتلوں میں پانی بیچنے والے یونٹس سب سے بڑے جرم دار ہیں،اگلے مرحلے میں ریسٹورنٹس اور بیکرز کی طرف جائیں گے ، جب تک ہم یہ رویہ خودتبدیل نہیں کریں گے تب تک کچھ نہیں ہو گا، عدالت نے ایک ہفتے تک عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے متروکہ وقف املاک بورڈ کو خواتین اساتذہ کو گھروں سے بے دخل کرنے سے روکتے ہوئے اساتذہ کو بھیجے گئے نوٹس معطل کردیئے اور متروکہ وقف املاک بورڈسے جواب طلب کرلیا۔