لاہور،کراچی (کرائم رپورٹر/سپیشل رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں یوم آزادی کے موقع پر منچلے نوجوانوں نے سارا دن پولیس کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کی شدید خلاف ورزی کی۔ سارا دن ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے علاوہ موٹر سائیکلوں پر ہلڑ بازی کی گئی۔ مختلف علاقے گولیوں کی تھرتھراہٹ سے گونجتے رہے ۔ پولیس اہلکار خاموش تماشائی کا کردارادا کرنے پر مجبور ہوکررہ گئے ۔پولیس کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ درجنوں افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ اور آتشبازی کا سامان قبضہ میں لیا گیا ۔ لبرٹی چوک پر بھی منچلوں کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ اور ہلڑبازی کی گئی شہر کی تمام معروف شاہرائوں ، عمارتوں اور مارکیٹوں کو روشنیوں سے سجا دیا گیاتھا۔ متعدد شاہرائوں پر منچلے نوجوانوں نے فیملیز سے چھیڑ خانی کی اور ہلڑ بازی کرکے شہریوں کی پریشانی کا سبب بنے ۔اس موقع پربچے اور خواتین سبز اور سفید رنگ کے ملبوساتتن زیب کئے ہوئے تھے ۔لبرٹی میں نوجوانوں کی جانب سے کئی میٹر لمبے جھنڈے لیکر پیدل مارچ کیا گیا۔ ٹریفک کا شدید دباؤہونے سے ٹریفک کا نظام جام ہوکررہ گیا۔ ٹریفک پولیس کا تشکیل کردہ ٹریفک پلان منچلے نوجوانوں کی وجہ سے پوری طرح ناکام ہو گیا۔منچلے نوجوان سڑکوں پرموٹرسائیکلزکے سلنسر نکال کرخطرناک طریقے سے ون ویلنگ کرتے رہے جبکہ مختلف واقعات میں درجنوں منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں سے گرکر زخمی ہوگئے ۔کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر فائیو سٹار چورنگی کے قریب ہونے والی آتش بازی کے دوران ایک شخص ہوائی بم پھٹنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کمسن بچے اور خاتون سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے ۔