لاہور/فیصل آباد (سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر)صوبائی،وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر علاقو ں میں بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثرہوا ۔بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث ترسیلی نظام تقریبا درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔لاہور میں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے لیسکو کے 24 سے زائد فیڈرز متاثر اور 8 گرڈز ٹر پ کر گئے ۔ بارش رکنے کے بعد لیسکو کی جانب سے فوری طور پر بحالی کاکام شروع کر دیا گیا جو شام تک مکمل کر لیا گیا ۔ تاہم جن ڈسکوز میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا وہاں بحالی کا کام تاخیر کا شکار ہوا ۔ دریں اثنا فیصل آبادمیں موسلادھار بارش نے ہرطرف جھل تھل ایک کردیا۔ آدھے گھنٹے میں 70 ملی میٹر بارش ہوئی جس نے نکاسی آب کے نظام کو بہترین بنانے کے دعوووں کو بھی دھوڈالا ،مختلف علاقوں میں بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے سے 6 سال بچہ جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے ، جبکہ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا، ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث سڑکوں ، شاہراہوں پر پانی کی بڑی مقدار جمع ہوگئی ،سرگودھا کے نواحی علاقہ ماڑی شہر میں ساون کی پہلی موسلادار بارش ہر طرف جل تھل ہوگیا، گزشتہ روز مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میرپورخاص ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا، ڈی جی خان، قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روزہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔لاہور میں آج بارش ہونے کا امکان ہے ۔