اسلام آباد(صباح نیوز،این این آئی)پیپلزپارٹی کے مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد کو بندکرنے کے اعلان پر تحفظات سامنے آگئے ،پیپلز پارٹی رہنما سیدخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ممکنہ لاک ڈائون پر مولانا فضل الرحمن کو قائل کریں گے کہ ایسا نہ کریں ۔ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی طرف سے میثاق معیشت کی اپنی پیش کردہ تجاویز سے دستبرداری کا بھی خدشہ ہے ، بجٹ منظوری کو روکنے کیلئے بھی اپوزیشن نے حکومتی اتحادیوں سے بات چیت کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ایک انٹرویو میں خورشید شاہ نے کہا کہ آصف زرداری کے معیشت پر تعاون کے سنجیدہ بیان کا حکومت کی طرف سے مذاق اڑایا گیا ، وزیراعظم اس پر وزرا سے وضاحت طلب کریں، بجٹ منظوری روکنے کیلئے پیر کے روز حکومتی اتحادیوں کے ساتھ بات کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد کے ممکنہ لاک ڈائون پر خورشید شاہ نے کہا کہ مولانا کو قائل کریں گے کہ ایسا نہ کریں۔چیئرمین سینٹ کی تبدیلی پر مریم نواز اور بلاول بھٹو کے اتفاق کی خبروں پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ابھی اس پر کوئی حتمی رائے نہیں ، اے پی سی میں دوسری جماعتوں کی رائے سنیں گے ۔ خورشید شاہ نے میثاق معیشت پر سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے پارلیمانی کمیٹی کی مخالفت کر تے ہوئے کہاکہ معاملے پر وزیراعظم خود حزب اختلاف سے بات کریں۔