لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کی کمپنیز کو ٹیکسٹائل انڈسٹری سے اضافی بجلی بلوں کی وصولی سے روک دیا۔ گزشتہ روزجسٹس عائشہ اے ملک کے روبرو دوران سماعت درخواست گزار اپٹما کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ اور ابوذر سلمان نیازی نے موقف اختیار کیا کہ بجلی کمپنیز نے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے بلوں میں اضافی وصولی شروع کردی جبکہ نوٹیفکیشن کے تحت اضافی وصولی نہیں کی جاسکتی ۔ نوٹیفکیشن میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کوزیرو ریٹڈ قرار دیا گیا ہے ۔ عدالت بجلی بلوں میں اضافی وصولی کالعدم قرار دے ۔ دریں اثنا مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ کی منشیات کیس میں ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری مشتاق احمد رانا ثنا اﷲ کی درخواست ضمانت پر12 دسمبر کو سماعت کرینگے ۔