کراچی،سکھر،جیکب آباد،کھپرو(سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ،نامہ نگار) لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر کراچی پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 84 افراد کو گرفتار کرلیا، ترجمان سندھ پولیس کے مطابق 28 مارچ کو شہر بھر میں لاک ڈائون کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کراچی پولیس نے 84 افراد کو گرفتار کرکے 26 مقدمات درج کئے ، ادھر سکھر پولیس نے بھی لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر 100 سے زائد افراد کو دھرلیا، 25 سے زائد مقدمات بھی درج کئے گئے ، ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے ایس ایچ اوز کو لاک ڈائون پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور رعایت نہ دینے کی ہدایت کردی، دوسری جانب جیکب آباد پولیس نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر 150 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا، اس کے علاوہ خاردار تاریں بچھاکر راستوں کو بند کیا جاچکا ہے جبکہ جیکب آباد میں باجماعت نماز جمعہ ادا کرنے پر پولیس نے پیش امام کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، کھپرو کے نواحی گاوں لوکھان کی مسجد میں پشاور سے آئی تبلیغی جماعت کے ارکان کو نوجوان محبوب الحق راجپوت نے کھانا کھلایا، جو اسے مہنگا پڑگیا، کھپرو پولیس کے ایس ایچ او گلزار مری نے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔