لاہور(خصوصی نمائندہ،92نیوزرپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی صورتحال پر پوری نظر ہے ۔مختلف علاقوں میں پابندیوں میں نرمی یا سختی کا فیصلہ روزانہ رپورٹس کی بنیاد پر کیا جاتا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں متاثرہ ڈاکٹروں کی بھرپور دیکھ بھال کریں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بری صورتحال میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو قطعاً معاف نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں انہوں نے برڈووڈ روڈپر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام کورونا ٹیسٹ کیلئے پنجاب کی سب سے بڑی بی ایس ایل لیول تھری پرکورونا ٹیسٹ کیلئے قائم کردہ سنٹرل پی سی آر لیب کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے ایس او پی کے مطابق پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ (PPE) پہن کر لیب کا دورہ کیااور کورونا ٹیسٹ کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے لیب میں کام کرنے والے عملے سے ٹیسٹ کے طریقہ کار کے متعلق معلومات حاصل کیں اوران کے فرائض منصبی کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعلیٰ نے سنٹرل پی سی آرلیب ایکسٹریکشن روم،بائیو سیفٹی کیبنٹ اور آرٹی امپلیفکیشن کا بھی جائزہ لیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر اور لیب سٹاف کی خدمات کو سراہا اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام بی ایس ایل لیول تھری لیب کا قیام خوش آئند ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے نجی سکولوں کی فیس 20 فیصد کم کرنے کا اعلان کر دیا۔سنٹرل پی سی آر لیب کے دورے کے بعد پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے کمیٹی روم میں میڈیا بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر کے نجی سکول پوری فیس نہیں لیں گے ،کوئی نجی سکول یکمشت ایک ماہ سے زائد فیس وصول نہیں کرے گا،نجی سکول اساتذہ اور دیگر عملے کو ملازمت سے فارغ نہیں کرسکیں گے ۔نجی سکولوں کے اساتذہ اور دیگر عملے کی ملازمتوں کو تحفظ دیا جائے گا اور اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈویژنل لیول پر بی ایس ایل لیول تھری لیب بہت جلد فنکشنل ہو جائیں گی۔ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، ڈیرہ غازی اور راولپنڈی میں بی ایس ایل لیول تھری لیب تکمیل کے قریب ہیں ۔ڈویژنل بی ایس ایل لیول تھری لیب کے لئے 62 کروڑ روپے جاری ہو چکے ہیں۔وزیر اعلی نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا ٹیسٹ کی استعداد کار 2 ہفتے تک 5 ہزار روزانہ تک لے جائیں گے ۔سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور جہلم میں فیلڈ ہسپتال بہت جلد فنکشنل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی ڈاکٹروں سے ملاقات اور مشاورت سود مند ثابت ہو رہی ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ انصاف امداد پیکیج اور احساس پروگرام کے تحت 25 لاکھ افراد کو 12 ہزار روپے دیں گے ۔ہر حقدار کو امداد پہنچانے کے لئے پی ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی پابندی لگائی گئی۔امداد دینے کے خواہشمندپی ڈی ایم اے کے دیئے گئے نمبرز پررابطہ کر سکتے ہیں۔لاہور میں 25 ہزار نادار خاندانوں میں راشن اور امدادی سامان کے پیکٹ پہنچائے گئے ۔لاہور میں این جی اوز اور ڈپٹی کمشنر آفس کے اشتراک سے امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔