لاہور/کراچی/ملتان (سٹاف رپورٹر،خبر نگار) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں لاکھوں فرزندان اسلام کل 20رمضان المبارک کو دس روز کے لئے مسنون اعتکاف بیٹھیں گے ،لاہور میں داتا دربار مسجد،تاریخی بادشاہی مسجد،جامع مسجد القادسیہ چوبر جی ،شہر اعتکاف ،جامعہ نعیمیہ ،جامعہ اشرفیہ ،جامعہ مسجد شہدا سمیت دیگر مساجد میں بھی ہزاروں افراد اعتکاف کریں گے ۔ مفتی مولانا رفیع عثمانی اورمفتی منیب الرحمن کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک روحانیت کا موسم بہار ہوتا ہے ، اس میں قربِ خدا وندی کے حصول کے بہت سے مواقع ہوتے ہیں، ایسا ہی ایک موقع آخری عشرے میں اعتکاف ہے ، مومن رمضان کے آخری عشرہ میں دنیاوی امور سے قطع تعلق کرکے خالصتاً اﷲ تعالی کے ذکر واذکار کیلئے اس کے گھر یعنی مسجد میں ڈیرہ ڈال دیتا ہے ۔ملتان میں دربار حضرت شاہ رکن الدین عالم اور دربار حضرت غوث بہا ؤالدین زکریا ملتانی پر اعتکاف بیٹھنے کے لئے 15سے زائد زائرین ملتان پہنچ گئے اور محکمہ اوقاف سے رابطہ کر لیا ۔