بیروت(این این آئی)لبنان میں حکومت کے خلاف عوامی احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ دارالحکومت بیروت کے وسط میں سینکڑوں افراد نے حکومت کے خلاف ریلی نکالی۔ بعد ازاں مظاہرین نے بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے ہیڈ کواٹر کے باہر دھرنا دے دیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق مظاہرین نے ایک بڑا احتجاجی جلوس نکالا۔ جلوس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔سینکڑوں مظاہرین وسطی بیروت میں العازریہ اسکوائر کے سامنے جمع ہوئے اور شدید نعرے بازی کی ۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ملک میں فرقہ واریت اور مذہبی عدالتوں کے خاتمے کے مطالبات درج تھے ۔بعد ازاں مظاہرین کا جلوس لبنان کی بجلی کمپنی کے صدر دفتر کے سامنے خیمہ زن ہوگیا۔