اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ )نے کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے علاج کیلئے پاکستان میں کلوروکوئن دواکے خام مال کی مقامی طور پر تیاری ،پلازما تھراپی کے کلینیکل ٹرائلز اور ملک میں تیار وینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائلز کی اجازت دیدی ہے ۔ اس حوالے سے گزشتہ روزوزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بھر پور عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز کو استعمال کرنے سے پہلے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے ۔ڈریپ کی جانب سے 50 سے زائد کمپنیوں کو 3ماہ کیلئے ہینڈ سینیٹائزر بنانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈریپ نے کچھ دن پہلے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ لائسنس یافتہ کمپنیاں ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق معیاری ہینڈ سینیٹائزر تیار کرینگی۔