کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کے بادل چھائے رہے ۔منگل کو کاروبار کا آغاز ہی مندی سے ہوا۔ فروخت کے دبائو کے سبب کے ایس ای100انڈیکس 192.81پوائنٹس کمی سے 47635.90پوائنٹس پرآگیا۔جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 17 ارب 51 کروڑ 98 لاکھ87ہزار529روپے کمی سے 83کھرب42ارب35کروڑ32لاکھ 30ہزر699روپے ہوگیا ۔گزشتہ روز 38کروڑ46لاکھ27ہزار442 حصص کے سودے ہوئے ۔ مجموعی طور پر479کمپنیوں کا کاروبار ہو ا ۔اس دوران 61.49فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں ایک روپیہ اضافہ سے ڈالر کی قیمت خرید165.20سے بڑھ کر166.20اور قیمت فروخت165.30 سے بڑھ کر166.30روپے ہو گئی ۔ اوپن کرنسی مارکیٹ70پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید165.30 سے بڑھ کر166.00 اور قیمت فروخت 165.70 سے بڑھ کر166.40روپے پر جا پہنچی ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق درآمد کنندگان کی جانب سے ڈالرکی طلب بڑھنے اور غیرملکی ادائیگیوں کے سبب ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان ہے ۔ ڈالر مہنگا ہونے سے درآمدی اشیا پٹرول، ڈیزل، کھانے کا تیل، دالیں، موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے پارٹس سب کچھ مزید مہنگا ہوجائے گا۔ادھر عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت1لاکھ10ہزاراوردس گرام سونے کی قیمت94ہزار307روپے پربرقراررہی۔