کراچی،لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،92 نیوز رپورٹ )پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ایئر پورٹ پر مقامی حکام نے قبضہ میں لے لیا،پرواز پی کے 895 کراچی سے جمعہ کے روز کوالالمپور پہنچی تھی۔ ملائیشیامیں پھنسے پاکستانی مسافراسلام آبادکیلئے روانہ ہوگئے ،172پاکستانیوں میں سے دومسافروں کوکوروناٹیسٹ ایکسپائرہونے پرروک لیاگیا۔ذرائع کے مطابق طیارے کی لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پرملائشیا میں پی آئی اے کاطیارہ قبضہ میں لیا گیا ہے ،ایئر لائن نے 2015 ء میں بوئنگ 777 طیارہ ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔ پی آئی اے طیارے کو قبضہ میں لینے کی کارروائی مسافروں کے سوار ہونے کے بعد کی گئی،طیارہ ملائشیا کی مقامی عدالت کے حکم پر تحویل میں لیا گیا ہے ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس معاملے میں برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التوا ہے ۔ ملائشیا میں عدالتی حکم پر طیارے کو قبضہ میں لیا جانا ایک ناخوشگوار صورتحال ہے ، پی آئی اے حکومتی سطح پر اس مسئلے کے حل کیلئے کوشاں ہے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن اور پی آئی اے عہدیداران ملائیشین حکام سے رابطے میں ہیں،ادھر معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ ملائیشیا کا سارے معاملے میں کچھ لینا دینا نہیں تھا،یہ طیارہ 12سال پہلے لیزپرلیاگیاتھا،کوروناکی وجہ سے پچھلے کچھ مہینوں میں زیراستعمال نہیں تھا۔ملائیشیامیں پاکستانی ہیڈآف چانسری شہزادحسین خان اورپی آئی اے کے ملائیشیا میں کنٹری منیجر سلمان وہاب نے مسافروں کوروانہ کیا ۔پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے کوالالمپور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کے پی آئی اے کی قانونی ٹیم اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے مصروف عمل ہے ، انہوں نے پاکستانی مسافروں سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ انہیں جلد از جلد وطن واپس بھیج دیا جائے گا،ملائیشیا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود پاکستانی مسافروں نے نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن اور پی آئی اے کے حکام کا ان کی دیکھ بھال اور وطن واپسی کے سلسلے میں انتظامات پر شکریہ ادا کیا،تمام مسافرآج شام سات بجے پاکستان پہنچیں گے ۔