مکرمی! پشاور پولیس کو تبدیلی سرکار نے مثالی پولیس کے سر پر تاج سجا کر خیبر پختونخوا کی عوام کے منہ پر تماچہ مارا ہے ۔عوام کی محافظ خیبر پختونخوا پولیس نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ روز قبل پشاور میں مقیم افغان مہاجر عامر تہکال کو انتہائی بے دردی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے نیم برہنہ کر کے سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی اپلوڈ کر دی۔ پولیس کے بہیمانہ نہ تشدد اور نیم برہنہ ویڈیو وائرل کرنے کی وجہ سے یہ نوجوان ذہنی مریض بن گیا ہے جس سے اس نوجوان نے دو بار خود کشی کی کوشش بھی کی۔ میری تبدیلی سرکار کے بانی جناب وزیراعظم عمران خان صاحب سے اپیل ہے کہ جن قانون کے محافظوں نے اس سفاکی کامظاہرہ کیا ہے۔ ا ن کو اس ماورائے قانون و اخلاق اقدام کی کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور بالکل ویسا ہی رویہ برتا جائے جیسا عامر تہکال کے ساتھ برتا گیا۔ معاملہ کو رفع دفع کرنے اور جزوی طور پر معطلی کے جھوٹے لولی پاپ سے نام نہاد انصاف کے جھوٹے ناٹک کو خیر باد کہا جائے۔ (ماریہ خٹک‘اسلام آباد)