لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی ٹماٹر،پیاز،ادرک،لہسن ،لیموں اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں،سرکاری نرخوں سے دوگنا قیمت میں فروخت ہوتی رہیں ،شہری زائد قیمتوں پر بلبلا اٹھے ،ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریس قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئے ۔دکانداروں نے من مانے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت شروع کر دی۔سرکاری نرخ ناموں سے 2گنا زائد میں سبزیاں بالخصوص ٹماٹر،پیاز ،ادرک ،لہسن،لیموں ،سبز مرچ فروخت ہوتی رہیں۔شہر سرکاری نرخے نامے کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 67روپے مقرر کی گئی تھی تاہم بازار میں ٹماٹر 120روپے کلو سے زائد میں فروخت ہوتے رہے ۔ پیاز کی سرکاری قیمت 30روپے تھی مگر دکانداروں کی جانب سے پیاز60روپے تک فروخت ہوئے ۔لیموں کی سرکاری قیمت 85روپے مقرر کی گئی تھی لیکن لیموں عام بازاروں میں 220سے زائد میں فروخت ہوتا رہا ۔اسی ادرک جس کی سرکاری قیمت 161روپے تھی دوکانداروں 200سے 220روپے فی کلو فروخت کیا ۔لہسن کے نرخوں کا حال بھی دیگر جیسا ہی رہا لہسن جس کی سرکاری 90روپے فی کلو تھی یہ 180روپے میں فروخت ہوا۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ان کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے کیونکہ آج عید سے قبل آخری دن ہے ۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ ہرسال کا معمول ہے عید قربان قریب آتے ہی مذکورہ اشیا کی قیمتیں آسمان کو پہنچ جاتی ہیں اورہر سال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا ۔