اسلام آباد( خبر نگار خصوصی )اسلامی نظریاتی کونسل نے فرانس کے خلاف قرارداد منظور کر لی ،کونسل نے سید پور اور دھرم شالہ میں واقع مندر کو کھولنے اور غیر مسلم کمیونٹی کیلئے علیحدہ سے فنڈز مختص کرنے کی سفارش کر دی ہے ، چیئرمین کونسل قبلہ ایاز نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مربوط پالیسی مرتب کی جائے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے 3 روزہ اجلاس میں توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر فرانس کے خلاف قرارداد منظور اور وزیراعظم عمران خان ، ترک صدر کے بیان کو سراہا گیا۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کونسل نے فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی تائید کی ، مقدس شخصیات، اہل بیت، صحابہ کرام کے حوالے سے لائحہ عمل بھی مرتب کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ہندو پنچائت کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد سفارش کی کہ سید پور میں واقع مندر اور اس کے ساتھ دھرم شالہ کو کھول دیا جائے ، ہندو مذہب کو حق حاصل ہے کہ وہ متعلقہ جگہ پر اپنی آخری رسومات ادا کرے ، غیر مسلمان کی شادی بیاہ کیلئے کمیونٹی سینٹر تعمیر کرنے کی اجازت ہے ، اس میں کوئی قباحت نہیں ،سرکاری فنڈز کی حمایت نہیں کی جا سکتی اس لیئے متبادل تجاویز پیش کی ہیں، غیر مسلم پاکستان کے شہری ہیں ، ان کے حوالے سے ایک الگ بجٹ مختص کیا جائے وہ اسے اپنے طور پرصرف کریں۔ کشمیر میں بھارت کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے پشاور واقعہ پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔