لندن (غلام حسین اعوان )مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن رہائش گاہ کے باہر پاکستانیوں نے ایک مرتبہ پھر مظاہرہ کیا اور گو نواز گو کے نعرے لگائے جبکہ علاج کے بہانے لندن آنے پروطن واپسی کا مطالبہ کیا۔گزشتہ روز نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہر ہ میں شریک ماسک پہنے افراد نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے اندر جانے کی بھی کوشش کی لیکن وہاں پرموجود گارڈ ز نے انہیں روک دیا۔مظاہرین بغیر کسی سیاسی پارٹی کے بینر تلے جمع ہوئے اور انہوں نے گو نواز گو کے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے اور مسلسل نعرے بازی کر تے رہے ۔درجنوں مظاہرین کوروناکے باعث سماجی دوری کو مدنظر رکھتے ہوئے مظاہرے میں شریک ہوئے ، وہ خود کو محب الوطن پاکستانی کہہ رہے تھے ۔ پولیس کے پہنچنے پر مظاہرین منتشر ہوگئے جبکہ لندن کے اس علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ذرائع شریف فیملی کے مطابق پولیس کوواقعہ سے متعلق آگاہ کردیا۔ادھرپی ٹی آئی برطانیہ کے مطابق مظاہرے سے کوئی تعلق نہیں۔لندن پولیس کے مطابق مظاہرین نے احتجاج کیلئے اجازت نہیں مانگی تھی،کوروناکے باعث 6سے زیادہ افرادکے اجتماع کی اجازت نہیں ۔