لندن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور لندن کے پاکستانی نژاد مسلمان میئرصادق خان کے درمیان اکثر نوک جھونک لگی رہتی ہے ، حال ہی میں لندن پولیس کاٹوئٹر اکائونٹ ہیک کیے جانے اور پولیس کی ای میل سروس تک ہیکروں کی رسائی کے بعد امریکی صدر کو صادق خان کی کمزوریاں تلاش کرنے کا ایک اور موقع مل گیا، ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ برطانوی پولیس کے ٹوئٹر اکائونٹ اور ای میل پرسائبرحملے لندن کے نالائق میئرصادق خان کے لیے پیغام ہے اس کے لیے اب کوئی جائے امان نہیں، خیال رہے لندن پولیس کے ٹوئٹر اکائونٹ اور ای میل سروس پر سائبرحملے کا واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا تھا، ہیکنگ کے بعد ہیکروں نے ٹوئٹر پرپراسرار توہین آمیز پیغامات پوسٹ کیے اور مختلف ای میل آئی ڈیز پر پیغامات ارسال کیے ، پولیس کا کہنا تھا کہ ہیکر ای میل کے بیرون ملک سروس تک رسائی حاصل نہیں کرسکے ،امریکی صدر نے طنز کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا لندن کے میئرصادق خان کے ہوتے ہوئے کوئی سڑک اور گلی محلہ محفوظ نہیں، ٹرمپ نے یہ بات برطانوی صحافیہ کیٹی ھوبکنز کی اس ٹویٹ کے جواب میں لکھی جس میں انہوں نے کہا تھا لندن پولیس کا کہنا تھا لندن کی سڑکیں اور گلیاں ان کے کنٹرول سے باہر ہوگئی ہیں۔