اسلام آباد،فیصل آباد،پشاور(این این آئی، آن لائن)بیرون ممالک میں پھنسے مزید426 پاکستانی شہری خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے ۔گزشتہ روزپی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 786 لندن سے براستہ دبئی 277 شہری لے کراسلام آبادایئرپورٹ پہنچی ۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر کورونا ہیلتھ ٹیم کی جانب سے تمام مسافروں کا طبی معائنہ کیا گیا ۔ تمام مسافروں کے کوائف حاصل کرنے کے بعد گھروں کو جانے اجازت دیدی گئی ۔ ہیلتھ ٹیم کے مطابق کسی بھی مسافر میں کورونا علامات نہیں پائی گئیں۔نئی ایس اوپی کے تحت خصوصی پروازوں سے آنے والوں میں صرف مشتبہ افراد کو قرنطینہ سنٹر منتقل کیا جائے گا۔ ادھردبئی میں پھنسے 149 پاکستانی شہری فیصل آبادایئرپورٹ پرپہنچ گئے ۔گزشتہ روزپی آئی اے کی خصوصی پروا ز PK8222 پردبئی سے 149مسافرفیصل آبادایئرپورٹ پرپہنچے ۔99مسافروں کو قرنطینہ مرکز، 57مسافروں کو مختلف نجی ہوٹلز، 2مسافر وں کو لاہور گھر میں، ایک مسافر کو فیصل آباد گھر میں قرنطینہ ہو نے کی اجازت دیدی گئی۔ادھر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے صوبائی حکومت کی سفارشارت کی روشنی میں باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سعودی عرب اوردیگر ممالک کی پروازوں کی بحالی کے لئے اجلاس طلب کر لیا ہے ۔