لندن(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی ڈیجیٹل فرانزک آرگنائزیشن نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی ویڈیو اور آڈیوز کو حقیقی اور مستند قرار دیدیا۔43 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ رواں ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کی جا ئیگی۔فرانزک رپورٹ کی تصدیق نوٹری پبلک کے چارلس ڈروسٹن گوتھری نے کی اور پرنسپل سیکرٹری آف سٹیٹ فار فارن اینڈ کامن ویلتھ افیئر نے تصدیقی مہر لگائی ۔ارشد ملک کی ویڈیوز کی ٹیسٹنگ فرانزک ماہر جیمز زجالی نے کی۔ رپورٹ میں اصلی آڈیو اور ویڈیو کی کاپی کا جائزہ لیا گیا، فرانزک فرم کو لاء فرم کی ہدایت پر اوریجنل ویڈیو فراہم نہیں کی گئی۔ فرانزک معائنے کے مطابق ٹیپ نمبر201705 میں ویڈیو اوریجنل ریکارڈنگ ہے ، ٹیپ نمبر 211010 میں بھی ویڈیو اوریجنل ریکارڈنگ ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آڈیو، ویژول ایونٹس کو مکمل طور پر سنکرونائزڈ کیا گیا جس کی کرونولوجی میں کوئی مسئلہ نہیں۔دوسری جانب جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کیس کے اہم کردار ناصر بٹ آڈیو ویڈیو کی فرانزک رپورٹ کی تصدیق کیلئے ایک مرتبہ پھر پاکستانی ہائی کمیشن پہنچ گئے ،ذرائع کے مطابق ناصر بٹ کوہائی کمیشن کے استقبالیہ پر ہی روک لیا گیا اور موقف اختیار کیا گیا کہ تصدیق کرانے کیلئے پہلے اپوائنٹمنٹ لینا ضروری ہے جبکہ ہائی کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی تصدیق کیلئے پاکستان کی وزارت خارجہ کی اجازت درکار ہے ۔رپورٹ کی تصدیق نہ ہونے پرناصربٹ اورن لیگ کے کارکنوں نے ہائی کمیشن کے باہرہی دھرنادیدیا،ناصربٹ کے وکیل نے کہااگرپاکستانی ہائی کمیشن فرانزک رپورٹ کی تصدیق نہیں کرتاتوبھی اس رپورٹ کو اسلام آبادہائیکورٹ میں پیش کیاجائیگا۔دستاویزکی تصدیق نہ ہوئی توناصربٹ مایوس ہوکرواپس چلے گئے ۔