اسلام آباد،لنڈی کوتل(خبر نگار خصوصی، نمائندہ 92نیوز)یوم آزادی کے موقع پروفاقی وزیر مذہبی امورپیرنورالحق قادری نے پاکستان کے تاریخ میں سب سے بڑے کیک کاٹنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ضلع خیبر لنڈیکوتل خیبر تکیہ کے مقام پر جشن آزادی کی انوکھی تقریب ہوئی جس میں وفاقی وزیرپیرنورالحق قادری نے تین ہزار پونڈ وزنی پاکستان کا سب بڑا کیک کاٹا، جبکہ ایک ریلی بھی نکالی گئی،کیک کی لمبائی 60 فٹ اور چوڑائی 15 فٹ تھی،کیک پر پانچ لاکھ ستر ہزار روپے لاگت آئی ، کیک میں 1200انڈوں کا استعمال کیا گیا۔ اس موقع پرپیر نور الحق قادری نے کہاجشن آزادی کے خوشی میں تین ہزار پونڈ وزنی کیک تیار کرنے پر حاجی شاکر آفریدی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ملک کی آزادی میں مسلمانوں اور قائدین نے بہت قربانیاں دی ہیں،ملک کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے ، عوام جشن آزادی کی خوشی میں دو رکعت نوافل ادا کریں۔ انہوں نے کہا پاکستان کو رمضان المبارک کے مہینے اور جمعہ کے دن آزادی ملی تھی،پاکستان کے خلاف بہت سازشیں ہوئیں لیکن اللہ کی کرم سے دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں، پاکستان قیامت تک سلامت رہے گا، اسکے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ ریلی میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔طورخم بارڈ پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔