کراچی(رپورٹ :وقاص باقر)پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کے سنگین مقدمات کی فوری سماعت اور سزاؤں کے لیے بنائی گئی فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے معاملے پر پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ سے باہر "کچھ لو کچھ دو"کے بارے میں سوچ رہی ہے ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے معاملے پر رابطے سے پہلے ہی پیپلزپارٹی نے انکار کی تکرار شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت فوجی عدالتوں کے معاملے پر قبل ازوقت انکار کو بطور ہتھکنڈا استعمال کررہی ہے جس کا مقصد فیصلہ سازوں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تاہم پیپلزپارٹی ’کچھ لو کچھ دو‘ کی پالیسی کے تحت اس اہم قومی معاملے پر لچک دکھاسکتی ہے اورفوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے لیے پارلیمنٹ میں ووٹ دے سکتی ہے ۔اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم اجلاس میں آصف زرداری نے پارٹی کے کئی رہنماؤں سے اس حوالے سے مشاورت بھی کی ہے ۔ پیپلزپارٹی قیادت کو اس وقت عدالتوں میں مقدمات وتحقیقات کا سامنا ہے جبکہ سیاسی میدان میں بھی اسے کئی مسائل اور قدرے مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد خیبرپختون خواہ اور پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے ۔ بلاول بھٹوزرداری کا ان دو صوبوں کا دورہ پارٹی کارکنان کو متحرک کرنے اور تنظیمی نیٹ ورک کو بڑھانے کے سلسلے میں ہوگا۔