لاہور،شیخوپورہ (کر ائم ر پو رٹر،92نیوزرپورٹ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)دیرینہ دشمنی پر میاں بیوی قتل،شوہرنے بیوی کو زندہ جلا دیا،باپ نے نشئی بیٹا مار ڈالا ۔ بتایا گیا ہے کہ مناواں لکھوڈیر میں مقصود اور بیوی نصرت موٹرسائیکل پر جا رہے تھے مخالفین نے فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق قتل ہونی والی خاتون نصرت اعوان بدمعاش اچھو اور شیدی کی بہن تھی، دوسرا گروپ بانا بھٹو گروپ ہے ، اعوان ڈھائے والے کے رہائشی ہیں۔ پولیس کے مطابق کچھ عرصہ قبل بابا بھٹو نے رضیہ بی بی اور اس کے بہنوئی کو قتل کیا تھا جبکہ امیر علی کے بیٹوں نے بابا بھٹو کو قتل کیا تھا۔ بابا بھٹو کے بیٹوں نے نصرت بی بی کے بیٹے کو دو ماہ قبل قتل کیا تھا جس کی پیروی نصرت بی بی اور اس کا خاوند کرتے تھے کیس کی پیروی پر ملزمان نے میاں بیوی کو قتل کیا۔لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔ کاہنہ کی نجی سوسائٹی میں زبیر نے مبینہ طور پر اپنی 38 سالہ بیوی نائلہ طاہر کو گھریلو جھگڑے پر آگ لگادی جو موقع پر جاں بحق ہوگئی ۔اطلاع پر پولیس نے لاش پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر دی ، رات گئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ شیخوپورہ خان ٹاؤن فیروزوالہ میں امداد حسین کا بیٹاغلام مرتضیٰ نشہ کرنے کا عادی تھا اور نشہ کرنے کے بعد اپنی بہنوں کوتنگ کرتا تھا کہ گزشتہ روز امداد حسین نے تنگ آکراپنے بیٹے غلام مرتضی کو گھر سے باہر لے جاکر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اوراس کی نعش کو نالہ بھیڑ میں پھینک دیا،ملزم کی بیوی بشری بی بی کی درخواست پر فیروز والہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔