لاہور(کامرس رپورٹر،نامہ نگار)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے ، کاروباری برادری کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول آسان بنانے اور دیگر مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے ۔ یہ فیصلہ فیصلہ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ کے مابین لاہور چیمبر میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیا گیا، لاہور چیمبر آف کامرس کے نائب صدر میاں زاہد جاوید، سابق صدر میاں شفقت علی ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر شہریار علی اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر خامس سعید بٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ساتھ مضبوط روابط کے ذریعے عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔صدر لاہور چیمبر کے مطالبے پر چیف ٹریفک آفیسر نے شہر کے تمام ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز میں لاہور چیمبر کے ممبران کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔