لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے لاہور میں پاکستان کی پہلی نیشنل سائیکلنگ اکیڈمی قائم کر دی گئی۔ اس سلسلہ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سنٹر لاہور کے ڈائریکٹر نصر رانا نے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے ساتھ ملکر ملک کی پہلی نیشنل سائیکلنگ اکیڈمی کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں واقع پاکستان کے واحد ویلیو ڈروم میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اس نیشنل لیول کی اکیڈمی میں ٹیکنیکل اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرئے گی جبکہ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کوچنگ سنٹر لاہور میں کرائی جا سکے گی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہمیشہ سے پاکستانی کھیلوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔