لاہور(سٹاف رپورٹر،کر ا ئم ر پو ر ٹر، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ مجلس عمل ، ملی یکجہتی کونسل اوردیگر دینی و مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام لاہور میں مال روڈ پر تحفظ ناموس رسالت ﷺ ملین مارچ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرک کی جبکہ ملین مارچ کے قائدین نے واضح کہ ختم نبوتؐ اور حرمت رسولؐ کے معاملہ پر حکمران اسلام پسندوں سے لڑائی مول نہ لیں ۔گزشتہ روزتحفظ ناموس رسالت ؐ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان کو خصوصی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پاکستان پر مسلط کیا گیاہے ۔ حکمران اورعالمی استعمار مسلمانوں کے دل سے رسول ؐکی محبت و عقیدت نکال نہیں سکتے ۔ آسیہ مسیح کی رہا ئی پر توہین آمیزخاکے بنانے والے خوشیاں منا رہے ہیں ۔ جعلی حکمران یہودیوں اور مغرب کیساتھ کھڑا ہے ۔ کیا نوجوان لڑکے لڑکیوں کے مخلوط رقص و سرود سے ریاست مدینہ بنائی جاسکتی ہے ؟۔ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ حکومت آئین سے اسلامی دفعات کو ختم کرنے اور توہین رسالت کے قانون کو بدلنے کی کوشش کرر ہی ہے ۔ دینی مدارس پر دباؤ ڈالا جارہاہے مگرہم حفاظت کرینگے ۔ پاکستان کو امریکہ یا اسرائیل کی گود میں نہیں ڈالنے دینگے ۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار اسلامی ریاست کی حیثیت سے قائم رہیگا ۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی حافظ ادریس نے کہاکہ قوم بیرونی ایجنڈے پر چلنے والوں کو برداشت نہیں کریگی ۔ امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ ساجد میر نے کہاکہ دنیا بھر کے مسلمان ختم نبوتؐ اور حرمت رسولؐ کے پروانے ہیں ۔ حکمران اسلام پسندوں سے لڑائی مول نہ لیں ۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ پاکستان کو سیکولر اور لبرل ملک بنانے کے خواب دیکھنے والوں کے عزائم خاک میں مل جائینگے ۔ ایم ایم اے کے سیکرٹری اطلاعات شاہ اویس نورانی نے کہاکہ وزیراعظم دھمکیاں دیکر ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں ۔ ہم حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ہماری مسجدوں ، منبرو محراب اور خانقاہوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جائیگی ۔ شیخ القرآن والحدیث مولانا عبدالمالک نے کہاکہ حضرت محمد ؐ کی ناموس کی حفاظت مسلمانوں پر فرض ہے ۔ علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہاکہ آسیہ مسیح کو رہا کرنے میں بڑی جلدبازی کی گئی۔متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد نے کہاکہ چیف جسٹس اور وزیراعظم کا امتحان ہے کہ وہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلئے کیا اقدامات کرتے ہیں ۔تحریک حرمت رسولؐ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ نبی کریم ؐ پر ہماری جان اور ہمارے خاندان قربان، ختم نبوت قانون سے دو نمبری کرنیوالوں کے ہاتھ توڑ کر انہیں دو نمبر کردینگے ۔ امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے خصوصی طورپر مجھے یہاں بھیجا ہے ۔علامہ رمضان توقیر نے کہاکہ آئین کا تقاضا ہے کہ حرمت رسو لؐ کی حفاظت کی جائے ۔ ملین مارچ سے عبدالغفورحیدری، اکرم درانی ،مولانا اﷲ وسایا ،شفیق پسروری ، مولانا امجد خان، ذکر اﷲ مجاہد ، راشد محمو د سمیت متحدہ مجلس عمل ، ملی یکجہتی کونسل، تحریک حرمت رسول، تحفظ ختم نبوت ، جماعت اسلامی ، مجلس احرار اسلام کے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ساجد انور ، امیر العظیم اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ایس ایس پی آپریشنزمستنصرفیروزنے مارچ کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ ایس پی سول لائنزمحمدافضل نے بریفنگ دی۔