لاہور(میاں رؤف) آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اشتہاریوں کی گرفتاریاں نہ ہونے سے برہم ہو گئے ۔700کے قریب اے کیٹگری کے اشتہاریو ں میں سے گزشتہ ماہ میں صرف 7 اے کیٹگری کے اشتہاریوں کوگرفتارکیا۔پنجا ب فورس بالخصوص لاہور پولیس کے ذمہ داروں کو قبلہ درست کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ذرائع کے مطابق محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے علم میں یہ بات آئی کہ پولیس فورس کو جدید آلات سے آراستہ کرنے کے باوجود صوبہ میں اشتہاریوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتار کئے گئے اشتہاریوں میں بیشتر کے مکمل کوائف ہی حاصل نہیں کئے جا سکے ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ورتحال سامنے آنے پر آئی جی پنجاب پولیس نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب بھر کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ اے اور بی کیٹیگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں ۔ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ آئندہ ماہ اس حوالے سے از سر نو معاملات کا جائزہ لیا جائے گا، اور جس ضلع کی کارکردگی بہتر دکھائی نہ دی، اس کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی ۔