لاہور(جنرل رپورٹر)شہر کے سیوریج میں بھی کورونا وائرس پائے جانے کا انکشاف ہواہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز نے میو ہسپتال ، ڈاکٹرز ہسپتال اور فاروق ہسپتال ٹھوکر نیاز بیگ کے سیوریج کے 10 نمونے لئے جن میں سے 5 میں کورونا وائرس پایا گیا۔ تحقیق کے دوران مریضوں کے پیشاب اور پاخانے کے نمونے بھی ٹیسٹ کئے گئے تو ان میں بھی کورونا وائرس پایا گیا ۔تحقیق میں شامل ماہرین نے کہا کہ سیوریج میں کورونا وائرس کی مدد سے متاثرہ علاقوں کو لاک ڈائون کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فی الحال سیوریج میں موجود وائرس سے کورونا لاحق ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔