لاہور ( نیوز رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ )وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ لاہور سمیت 7 شہروں سے شٹل ٹرین چلائی جائے گی ،وزیراعظم 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس کاافتتاح کریں گے ، بلاول نے دو حملے کئے میں نے چھوڑ دیا ، تیسرے حملے کے بعد اب گنجائش نہیں۔ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے ریلویز ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوکوموٹیوز کو ایل این جی پر ٹرانسفرکرنے کا تجربہ کامیاب ہوگیاتو آئل خرچہ میں 8 ارب سے 9 ارب تک بچت ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی ای ایم یو کے ساتھ شٹل ٹرین چلانے جارہے ہیں یہ شٹل ٹرین لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، سکھر ، حیدرآباد، کراچی اور راولپنڈی سے چلا کرے گی جس سے فاصلہ کم ہوگا اورکوالٹی سروس بھی ملے گی۔ 15 اپریل سے لاہور راولپنڈی کے ٹائم میں آدھاگھنٹہ اور لاہور کراچی کے درمیان نان سٹاپ کے ٹائم میں ایک گھنٹہ کمی کررہے ہیں۔ 15 اپریل سے کرائے ریشنلائزکریں گے ۔ قوم سے درخواست ہے کہ کانوں میں ہینڈ فری لگاکر ٹریک پر ورزش کرنا چھوڑ دیں۔ 20 ٹرینیں ہم نے پہلے چھ ماہ میں چلائیں، 20 اور چلانے جارہے ہیں۔پورے ملک کے ٹریک تبدیل کرنے کے لیے ہم میرٹ کی بنیاد پر ٹینڈرکرنے جارہے ہیں ۔ اگر ایم ایل ون کی تبدیلی کا چائنہ کے ساتھ کنٹریکٹ ہوجاتا ہے توریلوے کنٹریکٹ کی بنیاد پر 1 لاکھ لوگوں کو نوکریاں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں کے لیے ایک اضافی گریڈ کی کوشش جاری ہے ۔دریں اثناوفاقی وزیر ریلویز نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور عامر نثار چودھری کے ہمراہ لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا۔ وزیر ریلویز کو ڈی ایس ریلوے لاہور نے بریفنگ دی۔علاوہ ازیں شیخ رشید احمد نے دعوی کیا کہ میں نے شہباز شریف کو این آر او مانگتے سنااور دیکھا ہے ،نواز شریف،مریم نواز اورآصف زرداری کو این آراومانگتے نہیں،شریف فیملی کا ایک ہی رونا ہے کہ باہر جانا ہے لیکن عمران خان کے پاس ڈیل ہے نہ ڈھیل۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اب نہیں بچ سکتا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں ضمانتیں چاہتے ہیں۔ یہ لوگ اپنی دولت کو بچانے کیلئے اپنی عزت کو نیلام کر رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ بلاول نے دو حملے کئے میں نے دونوں بار چھوڑ دیا ، تیسرے حملے کے بعد اب گنجائش نہیں۔