مکرمی! وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کے بھارت میں مفادات ہیں- "امت کے محافظوں" نے بھارت میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور وہاں ان کے مفادات ہیں کوئی خوش فہمی میں نہ رہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کوئی ہمارے لئے ہار لے کر نہیں کھڑا-وزیر خارجہ کے ان الفاظ سے صاف گوئی جھلکتی ہے- مایوسی کا واشگاف اظہار ہوتا ہے یا وہ آنے والے دور کی دھندلی (یاشفاف) تصویر دکھانا چاہتے ہیں یہ تو جلد ہی پتہ چل جائیگا البتہ قوم کو ان کا ممنون احسان ہونا چاہئے کہ انہوں نے اسے خوش فہمیوں کے گرداب میں مبتلا نہیں رہنے دیا ۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان ثالثی کی خوشی میں حکومت کی طرف سے جشن منائے جا رہے تھے اور اسے ورلڈ کپ جیتنے کے مماثل قرار دیا جارہا تھا -ہم یہاں ثالثی میں مدہوش رہے اور عیار مودی نے کشمیر پر کلی قبضے کا چن چڑھا دیا۔ لیکن دنیا میں کسی نے ثالثی کے سراب میں گم ہونا پسند نہ کیا اب بھارت نے تیسری مرتبہ کہہ دیا ہے کہ ثالثی کا تو کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا -ایسے میں لڈیاں ڈالنے والوں کو ثالثی کے دعویداروں سے پوچھنا ضرور چاہئے کہ اس لولی پاپ کا مقصد آخر کیا تھا؟ (اظفرصدیقی لاہور)