اسلام آباد،راولپنڈی،کراچی ،کوئٹہ(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع پنجگور کی تحصیل گچک کے علاقے ٹوبو میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں کیپٹن کاشف شہید اوردو جوان زخمی ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹوبو میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی دہشتگردوں کی جانب سے لگائی گئی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، زخمی جوانوں کو خضدارکے طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔کیپٹن کاشف شہیدکی نمازجنازہ راولپنڈی میں اداکی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ ،سینئر فوجی حکام اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ کیپٹن کاشف شہیدکوفوجی اعزازکے ساتھ سپردخاک کردیاگیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی شہید کیپٹن کاشف کے درجات مزید بلندکرے ، دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ،دہشتگردوں کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں،ان کو شکست فاش دینگے ۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہاشہید کیپٹن کاشف کے اعلی درجات کیلئے دعا گو ہیں،دہشتگرد بلوچستان میں ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے ،خطے کے امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ادھرشمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق بویا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن(آئی بی او) کیا ، مارے جانے والے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولیاں برآمدہوئیں۔علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں متوقع طور پر دوسرے دہشت گرد وں کا صفایاکیا جا سکے ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاوطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید کیپٹن کاشف کو سلام پیش کرتا ہوں، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنے کا خمیازہ آئے روز قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ،شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی، پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے ۔