اسلام آباد( نیٹ نیوز ) پاکستان کے مقبول بینڈ جنون کے مایہ ناز گلوکار سلمان احمد کو جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) صحت کے شعبے کورونا وائرس کویڈ 19 کا خیر سگالی سفیر نامزد کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستان میں ہونے والی اس کانفرنس میں تمام رکن ممالک کے وزرائے صحت اور شعبہ صحت سے متعلق اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔سارک کے شعبہ صحت میں ممتاز اداکاروں، فنکاروں کو خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا جارہا ہے اس بارے میں پاکستان کے مقبول جنون گروپ کے سلمان احمد کا نام شامل کیا گیا۔ سلمان احمد اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے شعبہ صحت کی پولیو مہم کے بھی پاکستان میں سفیر ہیں، سلمان احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میری جان اور شان ہے ، ہر وقت دل دل پاکستان اور زندہ باد عمران خان کا نعرہ لگاتا ہوں، سلمان احمد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کردیا، اس وبا نے معیشت کو تباہ کردیا، ترقی پذیر ممالک کہاں جائیں ،ہمیں اس بیماری کو شکست دینا ہے تو ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔