اسلام آباد ،کراچی(وقائع نگار،92 نیوز رپورٹ،این این آئی)لوٹی ہوئی قومی دولت کی بیرون ممالک سے واپسی میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں وفاقی حکومت کا ریکوری یونٹ53 کروڑ روپے کی رقم وصول کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سے غیرقانونی دولت واپس لانے کیلئے کئے گئے ٹھوس اقدامات کے باعث مذکورہ پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ وفاقی حکومت کے ریکوری یونٹ نے ریکور کی گئی 53 کروڑ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی جبکہ مزید ریکوریاں جاری ہیں۔ چند ماہ میں مزید7 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کاامکان ہے ۔ ایف آئی اے ، ایف بی آراوردیگر اداروں کی مدد سے سب سے بڑی ریکوری سنگا پور میں آف شور اکائونٹ کی مد میں کی گئی ہے ۔ بعض وجوہات کی بنا پرسنگاپور آف شوراکائونٹ کی تفصیلات کوخفیہ رکھاجارہاہے ، یہ رقم اکائونٹ میں خفیہ طورپر رکھی گئی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چھوٹے پیمانے سے شروع ریکوری میں تیزی لانے کے مزیداقدامات جاری ہیں۔ بیوروکریسی کے تاخیر ی حربوں کے باوجود ریکوری میں تیزی کیلئے قانونی رکاوٹیں دور کرنے پر کام جاری ہے ۔ حکومت نے ریکوریوں کے آغاز کو اہم پیشرفت قرار دیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے اسمبلی سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ لوٹی گئی دولت بیرون ملک سے واپس لائینگے ، 28 ہزار ڈالر کا قرضہ چڑھانے والوں کا احتساب کرینگے ۔ بعد ازاں بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کیلئے ٹاسک فورس اور وزیر اعظم ہاؤس میں ریکوری یونٹ قائم کیا گیا جس میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل ہیں۔حکومت نے بے نامی اثاثوں کی ضبطی کیلئے خصوصی بنچز اور مال خانے قائم کرنیکا بھی فیصلہ کرلیا جس کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے جاری کردیا جائیگا۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق بے نامی اثاثوں کی اطلاع دینے والوں کو انعامی رقم دی جائیگی جبکہ ضبط کی گئی جائیداد کے مالکان کو قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہو گا۔