جودھ پور، نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت میں کرونا کے خوف کے باعث ریاست راجستھان میں واقع آرمی ہیڈ کوارٹرز کو بھی بند کر دیا گیا، بے حد ضروری سٹاف کو ہی اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے ، دوسر جانب وزیراعظم مودی نے لاک ڈاؤن کے باعث مشکلات پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا یہ اقدامات سخت ہیں لیکن کرونا کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے ضروری ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ریاستی ہیڈکوارٹرز، چھاؤنیوں اور دیگر دفاتر میں صرف ضروری سٹاف کو آنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ زیر تربیت اہلکاروں، غیر ضروری عملے اور زائد نفری کو گھر بھیج دیا گیا ہے ۔وزیراعظم مودی نے ٹی وی پر اپنے بیان میں کہا سخت اقدامات سے زندگی متاثر ہوئی بالخصوص غریبوں کی، میں جانتا ہوں کچھ افراد مجھ پر غصہ ہونگے لیکن یہ سخت اقدامات جنگ جیتنے کیلئے ضروری ہیں۔لاک ڈاؤن کے باعث بیروزگار ہونیوالے ہزاروں دیہاڑی دار مزدور تنگ آکر گھروں کو جانے کیلئے بس اڈوں اور ریلوے سٹیشنوں پر جمع ہیں، لوگوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں،انتظامات نہ ہونے پر مزدوروں نے حکومت کیخلاف نعرے بھی لگائے ۔ہزاروں افراد پہلے ہی پیدل گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔ایسے ہی دہلی سے مدھیہ پردیش میں اپنے گھر جانیوالا شخص 200کلومیٹر پیدل چلنے کے بعد دم توڑ گیا۔ رنویر سنگھ مزدور تھا، بیروزگار ہونے کے بعد اس نے گھر جانے کا فیصلہ کیا لیکن ٹرانسپورٹ میسر نہ ہونے پر پیدل ہی گھر نکل پڑا لیکن راستے میں ہی دم توڑ گیا۔